ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی بی ایس سی دسویں ،بارہویں امتحانات 2026 سے سال میں دوبار ہونگے

سی بی ایس سی دسویں ،بارہویں امتحانات 2026 سے سال میں دوبار ہونگے

Sun, 30 Jun 2024 17:26:46    S.O. News Service

نئی دہلی، 30/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)  دسویں اور بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات سال میں دو بار کرانے کے منصوبے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ پورے نصاب کا یہ امتحان جنوری اور اپریل میں منعقد کیا جائے گا۔ مرکز اگلے سیشن 2025-26 سے سی بی ایس ای میں نئے پیٹرن کو نافذ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ نئے پیٹرن کا پہلا بورڈ امتحان جنوری 2026 میں اور اسی سیشن کا دوسرا امتحان اپریل 2026 میں ہوگا۔

طلباء کے پاس دونوں امتحانات میں شرکت کا اختیار ہوگا۔ اگر طلباء چاہیں تو اپنی سہولت کے مطابق دونوں یا کسی ایک امتحان میں بیٹھ سکیں گے۔ دونوں امتحانات دینے والے طلباء بہتر کارکردگی کے لیے نتائج کو استعمال کر سکیں گے۔ وزارت کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ملک بھر کے 10 ہزار سے زیادہ اسکولوں کے پرنسپلوں سے آن لائن اور فزیکل میٹنگز میں اس پر رائے لی ہے۔

پہلا: اعلیٰ تعلیم کے سمسٹر سسٹم کی طرح سال میں ہر سمسٹر کے آخر میں آدھے نصاب کا امتحان لیا جانا چاہیے جو کہ ستمبر اور مارچ میں ہونا چاہیے۔

دوسرا: جس طرح مارچ اپریل کے بورڈ امتحانات کے بعد جولائی میں سپلیمنٹری امتحانات ہوتے ہیں، اسی طرح اس وقت سپلیمنٹری کے بجائے مکمل بورڈ امتحانات کرائے جائیں۔

تیسرا: جس طرح جے ای ای مینس کے امتحانات جنوری اور اپریل میں دو بار منعقد کیے جاتے ہیں، اسی طرح پورے نصاب کے بورڈ کے امتحانات بھی جنوری میں ایک بار اور اپریل میں دوسری بار منعقد کیے جائیں۔

زیادہ تر پرنسپل تیسرے آپشن پر متفق ہیں۔ سمسٹر سسٹم کو بیشتر پرنسپلز نے مسترد کر دیا۔ جولائی میں دوسرے آپشن کے امتحان پر، ان کی دلیل تھی کہ اس سے طالب علموں کو سال بچانے یا اعلیٰ تعلیم کے لیے داخلہ لینے میں مدد نہیں ملے گی۔ پرنسپلوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تحریری طور پر اپنے خیالات پیش کریں۔

واضح ہوکہ 2025-26 میں بورڈ کے امتحانات پرانے نصاب کی کتابوں پر ہوں گے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کی کتابوں کو نئے نصاب پر جاری ہونے میں دو سال لگیں گے، کیونکہ آٹھویں، دسویں اور بارہویں جماعت کی کتابیں 27-2026 کے سیشن میں ہی دستیاب ہوں گی۔


Share: